اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کے مطابق تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے جمعرات کو ایک بیان میں رام اللہ کے قریب صیہونی فوجیوں پر اپنی گاڑی چڑھا دینے سے متعلق فلسطینی جوان کی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صیہونی دشمن کے مقابلے میں استقامت و مزاحمت تیز کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے- تحریک جہاد اسلامی فلسطین نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ صیہونی دشمن کو ملت فلسطین اور فلسطینی بچوں پر جرائم کی قیمت چکانی پڑے گی- درایں اثنا تحریک حماس کے ترجمان عبدالرحمان شدید نے بھی فلسطینی جوان کی کارروائی کو غرب اردن میں صیہونی آبادکاروں اور غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت اور جرائم کے مقابلے میں مناسب اور فطری ردعمل قرار دیا- قابل ذکر ہے کہ ایک فلسطینی نوجوان نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی آبادکاروں اور فوجیوں کے جرائم کے ردعمل میں جمعرات کو رام اللہ میں ترمسعیا کالونی کے قریب صیہونی فوج کے ایک دستے پر اپنی گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں تین صیہونی فوجی زخمی ہو گئے- صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی جوان کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا- یہ واقعہ، ترمسعیا کالونی کے قریب واقع دوما کالونی میں صیہونی آبادکاروں کے جرائم کے ایک ہفتے بعد پیش آیا- واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے صیہونی آبادکاروں نے دوما کالونی میں ایک فلسطینی کے گھر میں آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں ایک شیرخوار فلسطینی بچہ علی الدوابشہ زندہ جل کر شہید ہو گیا جبکہ اس کے ماں باپ اور بھائی بھی بری طرح سے جل گئے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲